یہ بات ہمارے قارئین کے علم میں آچکی ہے کہ 15 اکتوبر 2015ء سے نیشنلٹی کے حصول کا نیا قانون لاگُو ہو چکا ہے مگر اِس کی مکمل تنفیذ کے لیے ابھی Reglamento یعنی تفصیلی قوائد و ضوابط جاری ہونا باقی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ گزشتہ جمعہ کو کابینہ کے اجلاس میں وہ قوائد منظور ہونے تھے اور اس کے اگلے دن یعنی ہفتہ 17 تاریخ کو سرکاری گزٹ میں جاری ہونے تھے تاہم ایسا نہ ہو سکا ۔اس وقت ہر Registro Civil میں تعینات سرکاری عملے میں بھی اِس حوالے سے کنفیوژن پائی جاتی ہے کہ ہو گا کیا ؟ اب امید کی جا رہی ہے کہ تنفیذ کے قوائد آئندہ جمعہ کو سپین کی کابینہ کے اجلاس میں منظور ہونگے اور ہفتہ کے روز سرکاری گزٹ میں جاری ہو جائیں گے۔ گزشتہ دنوں نیشنلٹی امور کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بارسلونا کی بار کونسل میں منعقدہ ہونے والی ایک معلوماتی کانفرنس کے دوران بتایا کہ نیشنلٹی کا نیا قانون آجانے کے باوجود آئندہ چند سال تک یہ سہولت دی جائے گی کہ لوگ نیشنلٹی کی درخواست نئے طریقہ کار کے مطابق (یعنی آئن لائن) دینے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود اپوائنٹمنٹ (یعنی cita) پر بھی جمع کروا سکیں ۔ اس کے بعد جیسے جیسے پہلے سے دیے گئے citas ختم ہوتے جائیں گے اِس نظام کو صرف آن لائن طریقہ کار تک محدود کر دیا جائے گا۔
جن لوگوں کے پاس پہلے سے نیشنلٹی کے citas موجود ہیں وہ نیشنلٹی کی درخواست اپنے Registro Civil میں جمع کروا سکتے ہیں مگرنیشنلٹی کی درخواست کے ساتھ منسلک ہونے والے ڈاکومنٹ اب نئے قانون کے مطابق ہی جمع کروانے ہونگےیعنی 100 یورو کا Tasa اداء کرنے کے ساتھ ساتھ DELEاور CCSE کے سرٹیفیکیٹ بھی منسلک کرنا ہونگے ۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ کوئی بھی شخص ابھی تک یہ سرٹیفیکیٹ حاصل نہیں کر پایا تو دوسرے لفظوں میں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ تقریبا ًہر ایک کو نیشنلٹی کی درخواست اب آن لائن ہی جمع کروانی ہو گی۔ مثال کے طور پر اگر کسی آدمی کاcita سال 2016ء کے مئی/جون/جولائی یا اِس کے بعد ہے اور اس کو یقین ہے کہ اُس سے پہلے وہ دونوں سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکے گا تو وہ نیشنلٹی کی درخواست جمع کروانے کے لیے دونوں طریقوں میں سے کوئی سا بھی منتخب کر سکتا ہے۔نیشنلٹی کے نئے قانون کے متعلق جو بھی Reglamento جاری ہو گا ہم اُس کا خلاصہ عوام کے استفادہ کے لیے اپنے فیس بک پیج پر اُردو زبان میں پوسٹ کر دیں گے۔