abc

Spain-Nacionalidadنیشنلٹی کا نیا قانون کب منظور ہوا تھا؟
نیشنلٹی کے نئے قانون کی منظوری کے مراحل جون/جولائی 2015ء میں تکمیل پذیر ہوئے تھے جبکہ نیا قانون 14 جولائی 2015ء کو باقاعدہ طور پر سرکاری گزٹ BOE میں شائع کر دیا گیا تھا۔

نیشنلٹی کا نیا قانون کب سے نافذ العمل ہے؟
14 جولائی 2015 کے گزٹ میں اعلان کر دیا گیا تھا کہ نئے قانون کی عملداری کا آغاز 15 اکتوبر 2015ء کو ہو گا، گزٹ میں جاری ہو جانے کے وجہ سے 15 اکتوبر 2015ء کو اس قانون کا خود بخود اطلاق ہوچکا ہے۔

جن کے پاس پہلے سے اپوائنٹمنٹ ہے اُن کے کاغذات کیسے جمع ہونگے؟
جن کے پاس پہلے سے اپوائنٹمنٹ موجود ہے، ان کے کاغذات اُسی اپوائنٹمنٹ پر RegistroCivil میں جمع ہو سکتے ہیں مگر ڈاکومنٹس نئے قانون کے مطابق ہی جمع کروانے ہونگے۔

نیشنلٹی کے لیے کونسے 2 سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیے گئے ہیں؟
نیشنلٹی کے نئے قانون کے تحت زبان کا سرٹیفیکیٹ اور معلومات کا سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، زبان کے سرٹیفیکیٹ کو DELE کہا جاتا ہے جبکہ معلومات کے سرٹیفیکیٹ کا نام CCSE
ہے۔

نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیے گئے زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE سے کیا مراد ہے؟
نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیے جانے والے 2 سرٹیفیکیٹس میں سے ایک کا نام DELE ہے جو کہ دراصل Diploma de Español como Lengua Extranjera کا مخفف ہے،
یعنی سپینش ایز اے فارن لینگوج (ہسپانوی زبان بطورِ غیرملکی زبان)۔

سرٹیفیکیٹ DELE کے کُل کتنے لیول ہوتے ہیں؟
زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE کے کُل 6 لیول ہوتے ہیں، جن کے نام A1, A2, B1, B2, C1, C2 ہیں۔ سب سے کم لیول A1 ہے جبکہ سب سے زیادہ C2ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کو
بالکل ابتدائی لیول کی سپینش زبان آتی ہے تو آپ کو A1 سرٹیفیکیٹ ملے گا جبکہ اگر کوئی لسانیات کے شعبہ میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے وہ C2 کا حقدار کہلائے گا۔

سرٹیفیکیٹ DELE کا کونسا لیول نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے؟
نیشنلٹی کے لیے DELE کا A2 لیول لازمی قرار دیا گیا ہے۔

زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE کی معیاد کتنی ہے؟
ایک دفعہ DELE کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرلینے سے وہ ہمیشہ کے لیے کارآمد رہتا ہے، یعنی اس کی معیاد لامتناہی ہوتی ہے۔

زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE کے ٹیسٹ کی فیس کتنی ہے؟
اس وقت زبان کے سرٹیفکیٹ DELE کے امتحان کی فیس 124 یورو ہے۔

زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE کے ٹیسٹ/امتحان کی تیاری کیسے کی جائے؟
زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE کے امتحان کی تیاری کے لیے کثیر تعداد میں کتابیں دستیاب ہیں، کتابوں کی دکان سے DELE A2 کی کتاب بتا کر اپنی پسند کی کوئی سی کتاب بھی حاصل کی جا
سکتی ہے۔ ایسی کتابیں عوامی لائبریریوں میں بھی استفاۂ عام کے لیے دستیاب ہوتی ہیں۔

نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیے گئے سرٹیفیکیٹ CCSE سے کیا مراد ہے؟
نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیا گیا سرٹیفیکیٹ CCSE دراصل Conocimientos Constitucionales y Socioculturales de España کا مخفف ہے، یعنی کہ سپین کی آئینی اور سماجی و ثقافتی معلومات۔

سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان میں کتنے سوال ہوتے ہیں؟
سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان میں کُل 25 سوال پوچھے جاتے ہیں، جو کہ ہر امتحان میں مختلف ہوتے ہیں۔

سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان میں کتنے سوالات کا دُرست جواب دینا لازمی ہے؟
سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان میں کم از کم 60 فیصد سوالات کا دُرست جواب دینا لازمی ہوتا ہے، یعنی 25 میں سے 15 سوالوں کا جواب دُرست ہونا لازمی ہے۔

سرٹیفیکیٹ CCSE کی معیاد کتنی ہے؟
ایک مرتبہ سرٹیفیکیٹ CCSE حاصل کر لیا تو وہ 4 سال تک کارآمد رہتا ہے۔

سرٹیفیکیٹ CCSE کے ٹیسٹ کی فیس کتنی ہے؟
اس وقت معلومات کے سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان کی فیس 85 یورو ہے۔

سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان کی تیاری کیسے کی جائے؟
سرٹیفیکیٹ CCSE کے امتحان کی تیاری کے لیے Instituto Cervantes کی طرف سے سرکاری طور پر ہر سال ایک Manual یعنی رہنماء کتابچہ جاری کیا جاتا ہے جس میں اس سرٹیفیکیٹ کے مقاصد، جملہ مشتملات اور 300 سوالات انکے جوابات کے ہمراہ درج ہوتے ہیں۔ اس کتابچہ کے سوالات کو بالکل اُسی طرح پڑھا جا سکتا ہے جیسے ڈرائیونگ لائسنس کے
سوالات ہوتے ہیں۔ ہماری ویب سائٹ پر اس سال کے 300 سوالات موجود ہیں۔ اگر آپ کو وہ کتابچہ درکار ہے تو info@caminolegal.com پر ای میل بھیج کر منگوا سکتے ہیں۔

زبان کے سرٹیفیکیٹ DELE اور معلومات کے سرٹیفیکیٹ CCSE کے لیے ٹیسٹ کہاں دیا جا سکتا ہے؟
نیشنلٹی کے لیے ضروری قرار دیے گئے ان دونوں سرٹیفیکیٹس کے ٹیسٹ صرف اُن تعلیمی مراکز میں دیے جا سکتے ہیں جو کہ Instituto Cervantes کی طرف سے مقرر کیے گئے ہوں۔ اِس ادارہ کی طرف سے دنیا بھر میں اور سپین کے تمام صوبوں اور ڈویژنز میں ایسے تعلیمی اداروں کو ایک ہی شیڈول کے مطابق امتحانات لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ اگست اور دسمبر کے علاوہ ہر مہینہ کی آخری جمعرات کو شام 5:30 بجے امتحان دیا جاتا ہے۔

کیا Cervantes کے علاوہ کسی اور سکول کا سرٹیفیکیٹ بھی کار آمد ہو سکتا ہے؟
جی نہیں، نیشنلٹی کے لیے DELE اور CCSE دونوں سرٹیفیکٹس Instituto Cervantes کے ہونا لازمی ہیں، کسی دوسرے ادارے کے سرٹیفیکیٹ قابل قبول نہیں ہیں۔

ایک مرتبہ اداء کی گئی فیس سے کتنی بار امتحان دیا جا سکتا ہے؟
دونوں امتحانات کے لیے ایک مرتبہ جمع کروائی جانے والی فیس سے 2 مرتبہ امتحان دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک شخص پہلے امتحان میں فیل ہو جاتا ہے تو وہ آئندہ کسی اور امتحان میں دوبارہ کوشش کر سکتا ہے۔

کیا اپنے شہر سے باہر بھی ٹیسٹ دیا جا سکتا ہے؟
جی ہاں، آپ سپین بھر میں موجود Cervantes کے کسی بھی اجازت شدہ ادارے میں امتحان دے سکتے ہیں۔ تمام مراکز کی تفصیلات http://ccse.cervantes.es پر دستیاب ہیں۔ اگر اس سلسلہ میں مزید رہنمائی درکار ہو تو ہمارے دفتر بھی تشریف لا سکتے ہیں۔

نیشنلٹی کے نئے قانون میں اور کیا تبدیلی آئی ہے؟
نیشنلٹی کے نئے قانون میں پہلے والی تمام چیزوں کے علاوہ 3 نئی چیزوں کا اضافہ ہوا ہے۔
ایک) زبان کا سرٹیفیکیٹ DELE۔ دو) معلومات کا سرٹیفیکیٹ CCSE۔ تین) ایک سو یورو کا تاسا (فیس)۔

کیا نیشنلٹی کی درخواست جمع کروانے کے لیے اب Registro Civil جانا لازمی ہے؟
جی نہیں، نئے قانون کے مطابق نیشنلٹی کی درخواست جمع کروانے کے لیے RegistroCivil جانا لازمی نہیں رہا۔ اب نیشنلٹی کی درخواست آن لائن جمع ہو گی، آپ خود اپنے کمپیوٹر پر یا اپنے قانونی رہنماء (خیستور، وکیل وغیرہ) کی خدمات حاصل کر کے درخواست Ministerio de Justicia کی ویب سائٹ پر جمع کروا سکتے ہیں۔ تاہم منسٹری کی طرف سے سپین بھر کے RegistroCivil کی طرف سے پہلے سے جاری کیے گئے citas کے ختم ہونے تک نیشنلٹی کی درخواستیں وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے، مزید citas نہیں جاری کیے جائیں گے۔

نئے نظام کے تحت نیشنلٹی کی درخواست اب کہاں جمع ہو گی؟
اب نیشنلٹی کی درخواست آن لائن جمع ہو گی، آپ خود اپنے کمپیوٹر پر یا اپنے قانونی رہنماء (خیستور، وکیل وغیرہ) کی خدمات حاصل کر کے درخواست Ministerio de Justicia کی ویب سائٹ پر جمع کروا سکتے ہیں۔

کیا نیشلٹی کے نئے قانون میں ریذڈنسی کی مدت میں کوئی تبدیلی آئی ہے؟
جی نہیں، اس سلسلہ میں تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ نیشنلٹی کی درخواست جمع کروانے کے لیے حسب سابق پاکستانی/انڈین/بنگلادیشی کمیونٹی کو 10 سال کی قانون رہائش ثابت کرنا ہو گی۔ یاد رہے کہ یہ مدت پہلی مرتبہ ریذڈنسی کارڈ ملنے سے گننا شروع کی جاتی ہے۔

کیا نیشنلٹی کا نیا قانون ختم ہو جائے گا؟
ایسی افواہیں بھی بے بنیاد ہیں، نیشنلٹی کے نئے قانون کے ختم یا “رول بیک” ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ سپین میں جب کوئی قانون منظور کیا جاتا ہے تو اس کی منظوری سے قبل تمام متعلقہ اداروں سے قانونی رپورٹیں حاصل کی جاتی ہیں تاکہ بعد میں کوئی فریق اُسے چینلج نہ کر سکے۔

کیا 15 اکتوبر 2015 سے پہلے جمع ہو جانے والی درخواستوں کے لیے بھی DELE اور CCSE کا سرٹیفیکیٹ لازمی ہوگا؟
جی نہیں، 15 اکتوبر 2015ء سے پہلے جمع ہو جانے والی درخواستوں پر نئے قانون کا اطلاق نہیں ہو گا۔

کسی کی درخواست 15 اکتوبر کے بعد بھی Registro Civil میں جمع ہو چکی ہے تو اُس کو کیا کرنا ہوگا؟
اگر نیشنلٹی کی کوئی درخواست 15 اکتوبر کے بعد کسی RegistroCivil میں جمع ہو بھی چکی ہے تو اُس سے بھی CCSE اور DELE کا سرٹیفیکیٹ اور 100 یورو کا تاسا (فیس) مانگا طلب کیا جائے گا، اس سلسلہ میں بعض لوگوں کو نوٹس ملنا شروع ہو چکے ہیں۔

کیا کسی کو نئے نظام کے تحت ضروری قرار دیے گئے DELE/CCSE سرٹیفیکیٹ سے استثناء بھی حاصل ہے؟
نیشنلٹی کے نئے قانون کے تحت DELE اور CCSE دونوں سرٹیفیکیٹس سے استثناء صرف 18 سال سے کم عمر بچوں اور عدالتی طور پر معذور قرار دیے گئے افراد کو حاصل ہے۔

وہ کونسے سائل (درخواست گزار) ہیں جن کو صرف CCSE کا سرٹیفیکیٹ چاہیے ہو گا؟
ایسے ممالک کے شہری جہاں سپینش زبان سرکاری زبان ہے وہاں کے رہنے والوں کو DELE کا سرٹیفیکیٹ نہیں چاہیے۔

جس شخص نے سپین میں ہی تعلیم حاصل کی ہے کیا اُسکو بھی DELE کا سرٹیفیکیٹ درکار ہے؟
جی ہاں DELE اور CCSE کا سرٹیفیکیٹ ہر ایک کے لیے لازمی ہے۔ صرف وہ طالب علم اس سے استثناء حاصل کرسکتے ہیں جنہوں نے کلاس نمبر 1 سے 10 تک (یعنی پرائیمری اور سکینڈری) کی مکمل تعلیم سپین میں ہی حاصل کی ہو۔ اگر کسی نے صرف ESO یہاں کی ہے اُس کو بھی سرٹیفیکیٹ چاہیے ہو گا۔

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یہ معلومات آپ کے کسی دوست کے لیے بھی کرآمد ثابت ہو سکتی ہے تو Share کرنا مت بھولیں۔

comments