abc

آج کل ہمارے دفتر میں، ٹیلیفون پر، ای میل ایڈریس پر اور فیس بک پیج پر سب سے زیادہ موصول ہونے والا سوال یہ ہے کہ DELE اور CCSE کی تیاری کیسے کی جائے؟ تو اِس حوالے سے اپنے قارئین و صارفین کی رہنمائی کے لیے ذیل میں چند اہم چیزیں لکھ رہے ہیں۔

زبان کا امتحان DELE

اِس بارے سب سے پہلی بات یاد رکھیں کہ DELE کا امتحان صرف نیشنلٹی کے لیے نہیں شروع کیا گیا، یہ بہت عرصہ سے موجود ہے اور نیشنلٹی کے علاوہ یورپین ممالک سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے سپین میں آکر تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند افراد اور مختلف سپینش کمپنیوں میں کام کرنے کے لیے آنے والے لوگ یہ امتحان دیتے ہیں، لہٰذا اِس امتحان کی تیاری کے لیے Material پہلے سے ہی موجود ہے اور اسی طرح اس کی تیاری کے لیے مختلف سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں کورس بھی کروائے جاتے ہیں۔ اِس امتحان کی تیاری کا میٹریل کتابوں کی کسی بھی دکان (لیبریریا) سے DELE A2 بتا کر حاصل کیا جا سکتا ہے، آپ کو وہاں اِس کے لیے بیسیوں کتابیں ملیں گی،اپنی پسند کی کتاب خریدیں اور اپنے کسی دوست کی مدد سے تیاری کریں۔ اسی طرح گوگل /انٹرنیٹ پر CURSO DELE A2 تلاش کرنے سے بھی آپ کو اپنے شہر میں اِس کی تیاری کے کورس مل سکتے ہیں، ظاہری بات ہے عموماً یہ فیس کے ساتھ ہی ہونگے۔ چند مشہور کتابوں کے نام یہ ہیں:

Aula 2 – Español 2000 – Español en Marcha
Nuevo Avance Básico – ELE Exprés – Gente 1

معلومات کا امتحان CCSE

اس امتحان کی تیاری کے لیے متعلقہ سرکاری ادارے Instituto Cervantes کی طرف سے ہر سال ایک کتابچہ جاری کیا جاتا ہے جس میں نصاب کے ساتھ 300 سوالات بھی موجود ہوتے ہیں۔ امتحان میں اِن 300 سوالات میں سے ہی 25 سوالات آتے ہیں اور امیدواروں کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ کم از کم 15 سوالات کا دُرست جواب دیں۔ ہماری طرف سے گزشتہ کئی ماہ سے ہزاروں افراد کو وہ کتابچہ بذریعہ ای میل بھجوایا جا چکا ہے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے، یہ کتابچہ Cervantes کی ویب سائٹ پر بھی ڈاؤنلوڈ کے لیے موجود ہوتا ہے۔

اِس کے علاوہ ہم نے عوام کی سہولت کے لیے اپنی ویب سائٹ پرسرکاری طور پر جاری کیے گئے 300 سوالات کا ایک خودکار ٹیسٹ بھی فراہم کیا ہوا ہے جہاں آپ 25/25 یا ایک ساتھ 300 سوالات کا ٹیسٹ حل کر کے اس حوالے سے اپنی معلومات چیک کر سکتے ہیں۔ اب تک ہزاروں لوگ اِس آن لائن ٹیسٹ سے استفادہ کر چکے ہیں ۔

نوٹ: فی الحال ہماری طرف سے اِن امتحانات کی تیاری کے لیے کوئی باقاعدہ کورس نہیں کروایا جا رہا، اگر مستقل میں ایسا کچھ ہوا تو فیس بک پیج کے ذریعے آپ کو مطلع کر دیا جائے گا۔

comments